(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے رہنما عزت الرشق نے کہا ہے کہ فلسطینی ریاست کو دنیا بھر کی جانب سے تسلسل کے ساتھ تسلیم کیا جانا ایک عظیم سیاسی اور معنوی کامیابی ہے جو فلسطینی عوام کی صبر آزما جدوجہد اور عظیم قربانیوں کا ثمر ہے یہ اعترافات قابض اسرائیل کی بڑھتی ہوئی تنہائی اور اس کی جھوٹی کہانیوں کی دنیا کے ضمیر کے سامنے مکمل ناکامی کا اعلان ہیں۔
انہوں نے بیان میں کہا کہ عالمی برادری کا یہ رجحان اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا کی اقوام اور عوام فلسطینی آزادی کی عدلت پسندی کے گرد یکجا ہو رہے ہیں اور یہ حقیقت آشکار ہوگئی ہے کہ آزاد فلسطین ایک ناقابل تردید سچائی ہے جسے قابض صہیونی حکومت نہ تو مسخ کر سکتی ہے نہ ہی اس کی آواز کو دبایا جا سکتا ہے۔
الرشق نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ فلسطین کو تسلیم کرنے کے اس قدم کو عملی اقدامات کے ذریعے آگے بڑھایا جائے قابض اسرائیل کے خاتمے کے لیے حقیقی دبائو ڈالا جائے، اس کے جرائم روکے جائیں اور ایسے عملی فیصلے کیے جائیں جن کے ذریعے فلسطینی عوام کو ان کے غصب شدہ حقوق واپس ملیں اور ان کی آزادی و خودمختاری کی دیرینہ خواہش پوری ہو۔