(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) سندھ کے شہر ٹنڈو محمد خان میں شہید حسن نصر اللہ کی پہلی برسی کی مناسبت سے ایک سیمینار منعقد ہوا جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم مہمانِ خصوصی تھے۔
ڈاکٹر صابر ابو مریم نے اپنے خطاب میں کہا کہ حزب اللہ ایک طاقتور اور مضبوط عوامی و مزاحمتی تحریک ہے جس نے ہمیشہ سامراجی طاقتوں کے خلاف اول صف میں رہ کر جدوجہد کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ حزب اللہ عوامی حمایت اور اپنی قربانیوں کے ذریعے اندرونی اور بیرونی تمام مشکلات پر قابو پا لے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید حسن نصر اللہ کی قربانی مظلوموں کی جدوجہد کو زندہ رکھنے کا ذریعہ ہے اور امت مسلمہ کو چاہیے کہ فلسطین، لبنان اور مظلوم عوام کی حمایت میں یکجا ہو کر اپنا کردار ادا کرے۔


