(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) قابض اسرائیلی افواج نے ایک بار پھر فریڈم فلوٹیلا "صمود” کی سب سے بڑی کشتی کو نشانہ بنایا ہے۔ یہ حملہ ممکنہ طور پر ایک ڈرون کے ذریعے کیا گیا جس کے نتیجے میں جہاز کے عرشے پر آگ بھڑک اٹھی۔
فلسطین کے حامی کارکنوں کے مطابق آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور اس وقت کشتی کی صورتحال قابو میں ہے۔اس سے قبل منگل کی صبح مقاومتی بیڑے نے اعلان کیا تھا کہ ’’العائلہ‘‘ کشتی کو بھی ڈرون حملے میں عرشے اور زیریں حصے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
کاروان کے منتظمین نے مزید بتایا کہ بیڑے میں شامل مزید دو کشتیاں اس وقت تیونس کی جانب رواں دواں ہیں جنہیں فوری سکیورٹی تحفظ درکار ہے۔
فلوٹیلا کے ترجمان سیف ابوکشک نے کہا کہ ڈرون حملے کے باوجود یہ قافلہ اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔
منتظمین نے زور دیا کہ یہ حملے ان کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے اور وہ اپنی پرامن مہم یعنی غزہ کی ناکہ بندی توڑنے اور محصور عوام سے یکجہتی کے اظہار کو ہر حال میں جاری رکھیں گے۔