(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) قابض اسرائیلی حکام نے مسجد اقصیٰ کے خطیب شیخ عکرمہ صبری کو تیسری مرتبہ مقدس مقام سے چھ ماہ کے لیے جبری طور پر بے دخل کرنے کا فیصلہ جاری کیا ہے۔
یہ نیا اقدام قابض اسرائیل کی اس مسلسل پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت وہ مقبوضہ بیت المقدس میں مذہبی شخصیات کو نشانہ بناتا ہے اور مسجد اقصیٰ کے اندر مذہبی و قومی خطاب کو دبانے کی کوشش کرتا ہے۔
شیخ عکرمہ صبری گذشتہ برسوں میں متعدد بار قابض اسرائیل کے جبری فیصلوں اور سکیورٹی اداروں کی طلبیوں کا سامنا کر چکے ہیں۔ ان تمام کارروائیوں کی بنیادی وجہ ان کا وہ دوٹوک موقف ہے جس میں انہوں نے مسجد اقصیٰ میں قابض اسرائیلی فوجیوں اور صہیونی سفاک آبادکاروں کی مسلسل دراندازیوں کی مخالفت کے ساتھ مسلمانوں کے حقِ عبادت اور حرم قدسی شریف میں آزادانہ موجودگی کا بھرپور دفاع کیا۔