(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض اسرائیلی جیلوں میں بھوک ہڑتالی فلسطینی قیدیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے فلسطینی قصبے ابو دس میں عام ہڑتال کامیابی سے جاری،تمام کاروباری مراکز بند اور معمولات زندگی معطل ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق بیت المقدس کے نواحی علاقے ابو دس میں بھوک ہڑتالی فلسطینی قیدیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے عام ہڑتال کامیابی سے جاری ہے،اس عام ہڑتال کا اعلان علاقے کی تمام سیاسی اور مذہبی نمائندہ جماعتوں نے باہمی مشاورت سے کیا تھا جس کا مقصد اسرائیلی جیلوں میں اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے بھوک ہڑتال پر بیٹھے فلسطینی قیدیوں سے یکجہتی کا اظہار تھا۔
یادر ہے کہ گزشتہ روز ابو دس کی سیاسی جماعتوں کے اتحاد کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں علاقے کی عوام سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ اسرائیلی جیلوں میں محبوس قیدیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اپنی تمام تر سرگرمیاں معطل رکھیں اور قابض اسرائیلی ریاست کے مظالم کے خلاف ریلیوں کا اہتمام کریں۔