(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قابض فوج نے رام اللہ میں فلسطینیوں پر فائرنگ اور صوتی بم پھینکے جبکہ فلسطینیوں کی جانب سے بھی جوابی حملوں میں گھریلو ساخت کے پیٹول بموں کا استعمال کیا گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں گذشتہ ایک روز سےفلسطینی باشندوں اورقابض فوج کے درمیان وقفے وقفے سے جاری جھڑپوں میں بیت المقدس کے علاقے سلوان میں عین اللوزہ، العیساویہ، شعفاط کیمپ اور دیگر مقامات پر فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور درجنوں شہری حراست میں لیے جا چکے ہیں۔
قابض فوج نے رام اللہ میں سلواد کے مقام پر، شمالی شہر البیرہ میں عدالت چوکی، غیشوری فیکٹری اور طولکرم میں قفین کے مقامات پر فلسطینیوں پر فائرنگ اور صوتی بم پھینکے جبکہ فلسطینیوں کی جانب سے بھی جوابی حملوں میں گھریلو ساخت کے پیٹرول بموں کا استعمال کیا گیا۔
فلسطینی نوجوانو ں نے قلقیلیہ میں عزون، دیوار فاصل کے قریب اور جیوس کے مقام پر اسرائیلی فوج سے تصادم کے دوران صہیونی فوجی گاڑیوں پر پتھراؤ کیا اور کئی گاڑیوں کے شیشے توڑ ڈالے۔
قابض فوج نے البتہ مشرقی قلقیلیہ کے علاقے کفر قدوم میں خواتین کی ایک ریلی پر بھی آنسوگیس کی شیلنگ کی اور ربر کے خول میں لپٹی دھاتی گولیوں کا نشانہ بنا کر تین فلسطینیوں کو زخمی کردیا جبکہ بھاری مقدار میں کی گئی آنسوگیس کی شیلنگ سے درجنوں شہریوں کے متاثر ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔