(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صدر محمود عباس نے کہا کہ فلسطینی حکام اس بہیمانہ قتل کی تحقیقات اور اسرائیل کے جاری جرائم کے خاتمے کے لیے فوری طور پر عالمی عدالت انصاف سے رجوع کریں گے۔
ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق فلسطینی صدر محمود عباس نے دو روز قبل مقبوضہ فلسطینی علاقے جنین میں پناہ گزین کیمپ پر صہیونی فورسز کی فائرنگ اور لوٹ مار کی کوریج کر نے کی پاداش میں الجزیرہ نیوز چینل کی خاتون صحافی شیریں ابوعاقلہ کی شہادت کا ذمہ دار اسرائیل کی قابض صہیونی فوج کو قرار دیا ہے۔
شہید خاتون صحافی کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں صدرعباس نے کہا کہ شیریں ابوعاقلہ کی موت پر اسرائیل کی مشترکہ تحقیقات کو مسترد کرتے ہیں کیونکہ اسرائیلیوں نے ایک جرم کیا ہےجس کے بعد اس قتل کی مکمل ذمہ داری اسرائیلی حکام پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نےمزید کہا کہ فلسطینی حکام اسرائیل کے ان جرائم کے خاتمے کے لیے فوری طور پر عالمی عدالت انصاف سے بھی رجوع کریں گےاور اسرائیل کی فلسطینیوں کے خلاف جاری انتقامی کارروائیوں کا پردہ چاک کریں گے۔