(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ فلسطینی میڈیا اور صحافی برادری قوم کے حقیقی محافظ ہیں اور صحافی ابو عاقلہ کا مشن جاری رکھیں گےوہ فلسطینی قوم کی آزادی کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے صحافیوں میں شامل ہوگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین میں صہیونی فوج کی جارحیت کا نشانہ بننے والی الجزیرہ ٹی وی چینل کی خاتون صحافی کی شہادت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے فلسطین میں الجزیرہ کے دفتر کے ڈائریکٹر ولید العمری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور صحافی شیرین ابو عاقلہ کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نےبات چیت کے دوران ڈائریکٹر ولید العمری سےکہا کہ ابو عاقلہ کی شہادت کا وحشیانہ واقعہ معاصر تاریخ میں اسرائیلی ریاست کے گھناؤنے جرائم میں سے ایک اور ناقابل معافی جرم ہےانہوں نے کہا کہ "شہید ابو عاقلہ صہیونی ریاست کے گھناؤنے جرائم سے پردہ اٹھاتے ہوئے شہید ہوئیں ان کا نام فلسطینی تاریخ میں زندہ رہے گا۔
اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ فلسطینی میڈیا اور صحافی برادری قوم کے حقیقی محافظ ہیں اور صحافی ابو عاقلہ کا مشن جاری رکھیں گےوہ فلسطینی قوم کی آزادی کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے صحافیوں میں شامل ہوگئی ہیں۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل غاصب اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہر جنین میں قائم پناہ گزین کیمپ پر پر تشدد کارروائی کا آغاز کیا تھا جس کی کوریج کرنے والے صحافیوں پر اسرائیلی فوج نے اندھا دھند گولیاں چلائیں اور نتیجے میں قطر سے نشریات پیش کرنے والے ٹی وی چینل الجزیرہ ٹی وی کی سینئر نامہ نگار شیرین ابو عاقلہ شہید جبکہ ان کےساتھی علی سمودی زخمی ہوگیا تھا۔