(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قابض فوج نے رہائی کے اگلے ہی دن فلسطینی نوجوان کے گھر کا محاصرہ کیا اور جب وہ آزادی کی خوشیاں منارہے تھےحمزہ العباسی کو تشدد کرتے ہوئے دوبارہ گرفتار کر لیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق مقبوضہ فلسطین میں قابض صہیونی فوج نے بیت المقدس کے رہائشی فلسطینی قیدی حمزہ العباسی جسے 7سال کی انتظامی قید کی غیر قانونی پالیسی کے تحت سزا کے بعد ایک روز قبل رہا کیا گیا تھابغیر کسی وجہ کے اگلے ہی روز دوبارہ حراست میں لے کر صہیونی جیل منتقل کردیا ہے۔
فلسطینی اسیر کے خاندان کا کہنا ہے کہ قابض فوج نے رہائی کے چند گھنٹوں بعد ہی اسیر کے گھر کا محاصرہ کیا اور جب ہم حمزہ کی آزادی کی خوشیاں منارہے تھے صہیونی فوج نے گھر میں داخل ہو کر انکے بیٹے کوتشدد کا نشانہ بناتے ہوئے بلا جواز دوبارہ گرفتار کر لیا۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل اسرائیل کی فوجی عدالت نے دوبارہ حراست میں لیے جانے والے فلسطینی نوجوان کے حق میں کالعدم تنظیم سے تعلق کے الزامات کے ثبوت مکمل نہ ہونے کے باعث باقاعدہ طور پر رہائی کا حکم نامہ جاری کیا تھا۔