(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) عمانویل مسلم نے کہاکہ ہم سب عزت دار، مضبوط، اپنے سروں کو الاقصیٰ اورالقیامہ چرچ کی خاطر اونچا کرکے مریں گے، فلسطینی اپنے مقدسات کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں، چاہے نتائج کچھ بھی ہوں۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ گذشتہ روز بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ پر صہیونی حملے کے بعد فلسطینی سرکردہ عیسائی پادری عمانویل مسلم نے ہرجگہ فلسطینیوں کو متحرک ہو کر صہیونی انتہا پسند آباد کاروں کے ہاتھوں مسجد الاقصی کے تقدس کو پامال کرنے کے جارحانہ منصوبے کو عملی جامہ پہنانے سے روکنے کی اپیل کی ہے۔
ایک بیان میں اسلامی اور مسیحی کمیٹی کے رکن عما نویل مسلم نے اسرائیلی حکام کو خبردار کیا کہ آباد کاروں کی طرف سے مسجد پر دھاوا بولنے کی کسی بھی کوشش سے زمینی صورت حال بڑے پیمانے پربگڑ جائے گی اور اسرائیلی قبضے کو اس کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔
عمانویل مسلم نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب 14 رمضان المبارک کو یہودی انتہا پسند ایسٹرکی قربانی لانے اور قربانی کا جانور لانے پر خطیر رقم کے انعام کا اعلان کیا ہے، انہوں نے مزید کہا ہے کہ فلسطینی قوم مسجد اقصیٰ کی چابیاں کبھی صہیونیوں کے حوالے نہیں کرے گی اور اس کی بے حرمتی اب مزید برداشت نہیں کی جائے گی۔
عمانویل مسلم نے کہاکہ ہم سب عزت دار، مضبوط، اپنے سروں کو الاقصیٰ اورالقیامہ چرچ کی خاطر اونچا کر کے مریں گے اور ہم الاقصیٰ اور قیامہ کی چابیاں صہیونیوں کے حوالے نہیں کریں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطینی اپنے مقدسات کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں، چاہے نتائج کچھ بھی ہوں۔
انہوں نے مقبوضہ مغربی کنارے میں صہیونی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام کی مہم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حکومت کا قابض فوج اور آباد کاروں کوفلسطینی باشندوں کا ماورائے عدالت قتل، جبر، زیادتی، گرفتاریاں اور مقدس مقامات کی بے حرمتی جیسے جنگی جرائم کے ارتکاب کے لیےایکشن نہ لینا اسرائیلی قبضے کی جارحانہ اور وحشیانہ ریاستی دہشت گردی کی تصدیق ہےتاہم اسرائیل اس وحشیانہ اور پرتشدد اقدام سے فلسطینی عوام کے اپنی سرزمین اور مقدسات کے دفاع کے عزم کو دبانے میں کامیاب نہیں ہوگا۔