(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) ایرانی وزیرخارجہ کا کہنا تھاکہ متحدہ عرب امارات کو قابض ریاست سے تعلقات معمول پر لاکر بحران پیدا کرنے والے صہیونی عناصر کو خطے میں قدم جمانے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روزایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبداللھیان نے متحدہ عرب امارات کےوزیر خارجہ عبداللہ بن زاید آل نھیان سے ٹیلیفون پر بات چیت کی جس میں ملک شام اور مقبوضہ فلسطین کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت سمیت ویانا مذاکرات اوربین الاقوامی امورپر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں کے مابین گفتگومیں ایرانی وزیرخارجہ حسین امیر عبداللھیان نےنشاندہی کراتے ہوئے کہا کہ صہیونی ریاست اس وقت بھی خطے میں امن و استحکام کی تباہی کا بنیادی محرک ہے اور اسرائیل کی خطے میں موجودگی پورے خطے کے لیے خطرہ ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ متحدہ عرب امارات کو قابض ریاست سے تعلقات معمول پر لاکر بحران پیدا کرنے والے صہیونی عناصر کو خطے میں قدم جمانے کی اجازت نہیں دینی چاہیے، جبکہ ایران کے ساتھ اماراتی تعلقات میں بہتری لانے کے اقدامات اور وفود کے تبادلے کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
دوسری جانب اماراتی وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران کے ساتھ تعلقات میں بہتری لانا ابو ظہبی کے اور تہران دونوں کے مفاد میں ہےاور دونوں ممالک میں مفاہمت اور بہتری کیلیے سفارتی وفود کے تبادلے کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔