(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی عیسائی مسلمانوں کے کسی بھی تہوار پر مٹھائیاں تقسیم کرتے اوررمضان کے بابرکت مہینے اورعید کے موقع پر شہرکو سجاتے ہیں,ان کا کہنا ہے کہ ہم سب فلسطینی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ماہ صیام کی آمد پر مقبوضہ فلسطین کے آبائی مسیحی افراد کی جانب سے مسلمانوں کے اس مقدس مہینے کے احترام میں متعدد مقامات پر بھائی چارہ اور محبت کے فروغ کیلیے باہمی طور پرانجام دی جانےوالی خدمات میں ہر سال کی طرح بڑھ چڑھ کرحصہ لیا جارہا ہے اور روزے داروں کیلیے افطار کے وقت کھجوروں اور پانی کی تقسیم جاری ہے۔
ماہ رمضان کی خوشی میں مسلمان اپنے علاقوں کی سجاوٹ کر تے ہیں جس میں عیسائی مذہب کے پیروکار فلسطینی شہری بھی گلیوں اور بازاروں کی رمضان کے حوالے سے خصوصی سجاوٹ میں مسلمانوں کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں۔
نابلس کے ایک 41 سالہ مقامی عیسائی فلسطینی خلیل کاوا نے بتایا کہ میں ایک زمانے سے رمضان المبارک میں چوراہے پر راہگیروں کو افطار کے لیے کھجور اور پینے کا پانی کا اہتمام کرتاہوں اور یہاں مسلمان اور عیسائی ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کر رہتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی مسلمان، عیسائی یا دیگر مذہب میں فرق نہیں کرتے اور یہاں ہم سب فلسطینی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے چند نوجوانوں کے ساتھ مل کر فوٹوگرافروں کا ایک گروپ بنا رکھا ہے جس کی بنیاد 2013 میں نابلس شہر میں رکھی گئی اور اسے نابلس ٹور کا نام دیا گیا ہے، اس کے ذریعے ہم نابلس شہر میں گھومتے اور مختلف مقامات پر لوگوں کی تصاویر کھینچتے ہیں اور مسلمانوں کے کسی بھی تہوار پر مٹھائیاں تقسیم کرتے اور رمضان کے بابرکت مہینے اور عید کے موقع پر شہر کو سجاتے ہیں۔