(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قابض فوج کے تشدد سے بے ہوش فلسطینی قیدی کو جیل کے کلینک لایا گیا جہاں ڈاکٹرزکی جانچ کے بعد قیدی کی 5 ہڈیوں کے ٹوٹنے کی تصدیق کی گئی ہے۔
مقبوضہ فلسطین میں قابض صہیونی جیلوں میں اسیران کے امور سے متعلق کمیٹی قیدی کلب نے اپنے بیان میں انکشاف کیا ہے کہ گذشتہ روز صہیونی جیل انتظامیہ نے ایک فلسطینی قیدی عبدالرحمٰن السعدی کوبدترین تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اسیر کےجسم کی کئی ہڈیاں ٹوٹ گئیں اور بےہوش ہو گیا۔
قیدی کلب کے مطابق صہیونی جیل میں فلسطینی پر اپنے خاندان سے ملاقات پر پابندی عائد تھی جبکہ ایک عرصہ گزر جانے کے بعد بھی اس پابندی میں نرمی نہ لانے کی جیل کی پالیسی کے خلاف اسیر نے احتجاج شروع کر دیااور کھانے سے انکار کر دیاجس کے بعد قابض فوج نے فلسطینی کو کم سے کم 2 گھنٹے تک تشدد کیااور فلسطینی کے جسم کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں ،بعد ازاں قابض فوج نے بے ہوشی کی حالت میں اسیر عبدالرحمٰن کو اسرائیلی جیل کے کلینک منتقل کر دیاجہاں ڈاکٹر ز کی جانچ کے بعد قیدی کی 5 ہڈیوں کے ٹوٹنے کی تصدیق کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی غیر قانونی جیلوں میں فلسطینی قیدیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھا جاتا ہے جس کے باعث اکثر فلسطینی جیل کے بہیمانہ تشدد کا شکار ہو کررہائی کی مدت سے قبل ہی زندگی کی با زی ہار جاتے ہیں اور کچھ فلسطینی جیل سے رہا ہو کر متعدد تکالیف کے ہاتھوں زیادہ عرصہ تک زندہ نہیں رہتے ۔