(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ)امام مسجد اقصیٰ نے کہا کہ عمران خان کی طرح واضح اور غیر مبہم الفاظ میں کسی نے فلسطین کا اس طرح ساتھ نہیں دیا، فلسطین کا بچہ بچہ انکی حمایت کا قرض دعاؤں کی صورت میں ادا کر رہاہے۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری سے ویڈیو لنک پر خصوصی گفتگو میں مسجد اقصیٰ کےبزرگ امام و خطیب الشیخ عکرمہ صبری نے وزیر اعظم عمران خان کے امت اسلامیہ کےحوالے نظریات اور فلسطین کیلئے او آئی سی اوراقوام متحدہ میں موثرطریقے سے آواز بلندکر نے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ میں ہر صبح مسجد میں وزیر اعظم عمران خان کو دعاؤں میں یاد کرتا ہوں اور ان کی ثابت قدمی کے لیےدعاگو ہوں۔
الشیخ عکرمہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کا فلسطین پر غیر متزلزل مؤقف قابلِ ستائش ہے، عمران خان کی طرح واضح اور غیر مبہم الفاظ میں کسی نے فلسطین کا اس طرح ساتھ نہیں دیا، فلسطین کا بچہ بچہ عمران خان کی حمایت کا قرض دعاؤں کی صورت میں ادا کر رہاہے، غزہ کی کشیدگی کے معاملے پر صہیونی مظالم کے خلاف فلسطین کی جاندار سفارت کاری پر وزیر خارجہ کے اقدامات نے دل جیت لیے۔
اس موقع پر وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا کہ پاکستان بابائے قوم کے وقت سے اب تک فلسطین پر مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹا، بابائے قوم اور عمران خان کے مؤقف کے تحت کسی صورت قابض ریاست اسرائیل کو تسلیم نہیں کرینگے جس نے خطہ کے امن کو برباد کردیااور آج عمران خان فلسطین کیلیے غیر متزلزل حمایت کی سیاسی قیمت چُکا رہے ہیں۔