(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مظاہرین نےفلسطینی اسیرکی غیر قانونی حراست کے خاتمے کے لیے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ صہیونی جیلوں میں جاری ناانصافیوں پراسرائیل سے جواب طلب کریں اوربے گناہ قیدی کی فوری رہائی کو ممکن بنائیں۔
اطلاعات کے مطابق قابض صہیونی ریاست اسرائیل میں بغیر کسی جرم یا الزام کے گذشتہ 18 ماہ سے صہیونی زندانوں میں قید فلسطینی اسیر خلیل عوادہ کی ایک ماہ سے زائد عرصے سے جاری احتجاجی بھوک ہڑتال کے باوجود رہائی کا فیصلہ نہ دینے پر فلسطینی عوام اور انسانی حقوق کی سماجی تنظیموں کی جانب سے اسیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلیے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
فلسطینی اسیر کے حق میں کیے گئے مظاہرے میں شہریوں اور زندگی کے دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والےمتعدد افراد نے شرکت کی، مظاہرین نے ہاتھوں میں خلیل عوادہ کی تصاویر اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر عوادہ کے حق میں اوران کی صہیونی جیلوں سے رہائی کے نعرے درج تھے۔
شہریوں نےفلسطینی اسیرکی اس غیر قانونی حراست کے خاتمے کے لیے بھرپور آواز اٹھائی اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ صہیونی جیلوں میں جاری ناانصافیوں پر اسرائیل سے جواب طلب کریں اوربے گناہ قیدی کی فوری رہائی کو ممکن بنائیں۔
خیال رہے کہ خلیل عوادہ ایک ماہ چار روز سے اپنی انتظامی قیدکی غیر قانونی پالیسی کے تحت حراست کو مسترد کر تے ہوئےصہیونی جیل میں احتجاجی بھوک ہڑتال کو جاری رکھے ہوئے ہیں اورکھانے کے بغیر ان کی جسمانی حالت روز بروز خراب ہو رہی ہے اور وہ صحت کی شدید مشکلات کا شکار ہیں۔