(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صہیونی چیف آف اسٹاف نے فوج کو ایک ماہ یا اس سے زائد عرصے کی کشیدگی میں اضافے کے امکان کےپیش نظر آپریشن وال ٹو کے لیے بھی تیار رہنے کو کہا ہے۔
قابض صہیونی ریاست اسرائیل کے چینل 13کے مطابق صہیونی فوج کے جوائنٹ چیف آف اسٹاف کے سربراہ ایوی کوچاوی کی جانب سے صہیونی افواج کوغزہ کے خلاف تیاریوں کے احکامات جاری کیے گئے ہیں جسے آپریشن گارڈین آف دی والز2021 کا نام دیا گیا ہےجو کہ گذشتہ برس ماہ مئی میں ہونےوالی غزہ میں صہیونی جارحیت سے منسوب ہے۔
صہیونی چیف آف اسٹاف نے فوج کو ایک ماہ یا اس سے زائد عرصے کی کشیدگی میں اضافے کے امکان کےپیش نظر آپریشن وال ٹو کے لیے بھی تیار رہنے کو کہا ہے جبکہ دوسری طرف القدس میں ایک بار پھر بگڑتے حالات کے نتیجے میں فلسطینی گروپوں نے بھی اپنے آپریشن ” سیف القدس” کی تیاریاں جاری رکھی ہوئی ہیں اور کسی بھی ناخوش گوار واقعے کے نتیجےمیں دونون جانب سے کشیدگی میں اضافے کے خدشات واضح ہیں۔
خیال رہے کہ جنین کے جنوب میں واقع عرب علاقے میں دو روز قبل علی الصبح ایک جھڑپ میں صہیونی فوج کے ہاتھوں تین فلسطینی اسلامی جہاد تحریک کے ارکان شہید اور دو صہیونی عسکریت پسند زخمی ہوئےجس کے بعد تحریک کی عسکری شاخ سرایا القدس گروپ نے ایک فوجی پریڈ میں صیہونی حکومت کے ہاتھوں اپنے کارکنان کی شہادت کا بدلہ لینے کی تاکید کی۔
ان صہیونی قاتلانہ کارروائیوں میں ماہ رمضان میں شدید اضافہ دیکھنے میں آیا ہےجبکہ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ صہیونی فوج نے رمضان کے مہینے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور انتباہات کے درمیان مقبوضہ مغربی کنارے میں اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔