(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی وزیر اعظم نے کہا کہ زمینی حقائق بتدریج بگاڑ کا شکار ہورہے ہیں اس کی وجہ صہیونی حکمرانوں کی ہٹ دھرمی ہے جو دو ریاستی حل مذاکرات کے ذریعے حاصل نہیں کر نا چاہتے۔
ذرائع کے مطابق گذشتہ روزفلسطینی وزیراعظم محمد اشتیہ نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں سنگاپور کے وزیر خارجہ ویوین بالاکرشن سے ملاقات کی اور اسرائیل فلسطین تنازعے کے حوالے سے بات چیت کی اورفلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا۔
ملاقات میں فلسطینی وزیر اعظم نے کہا کہ زمینی حقائق بتدریج بگاڑ کا شکار ہو رہے ہیں اس کی وجہ صہیونی حکمرانوں کی ہٹ دھرمی ہے جو دو ریاستی حل مذاکرات کے ذریعے حاصل نہیں کر نا چاہتے جبکہ تیزی سے بڑھتے صہیونی آبادکاری کے منصوبوں کے نتیجے میں فلسطینی عوام کی زمینیں ہتھیائی جارہی ہیں جو فلسطین کے قیام کے لیے مسلسل خطرہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صہیونی وزیراعظم نفتالی بینیٹ کی جانب سے مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے مذاکرات کے ذریعے نتیجے کیلیے واضح اعلان کیاہے کہ ان کی حکومت فلسطینی صدر محمود عباس، فلسطینی اتھارٹی یا کسی فلسطینی عہدیدار کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں کرے گی۔