(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی تنظیموں نے اتحاد کی طاقت سے فلسطینی عوام کو صہیونی جارحیت کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا پیغام دیا اور کہا کہ شہداء کا خون صیہونی غاصب کے خلاف ہمارے عوامی انقلاب کو ہوا دے رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق منگل کے روز مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں صہیونی فوج کی جارحیت کے نتیجے میں 3 نہتے شہریوں کی شہادت پر فلسطینی دھڑوں نے شدید الفاط میں مذمت کی ہےاور کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ صہیونیوں کے خلاف متحدہ مزاحمت کی جائے۔
فلسطینی تنظیم پاپولر فرنٹ فار دی لبریشن آف فلسطین نے کہا کہ صہیونی دشمن کے خلاف مزاحمت کا سب سے مؤثر طریقہ جامع مزاحمت ہےاور "اسرائیلی قابض افواج کے یہ حملےہماری عوام کو خاموش پیغام دے رہے ہیں کہ اس مسلسل صہیونی جارحیت کے خلاف اتحاد کی طاقت سے مقابلہ کیا جائے۔
اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے ترجمان عبداللطیف القانو نے بھی کہا کہ شہداء کا خون صیہونی غاصب کے خلاف ہمارے عوامی انقلاب کو ہوا دے رہا ہے اور اب صہیونیت کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا وقت ہے۔
فلسطینی صدارتی ترجمان نبیل ابو ردینہ کی جانب سے بھی جاری بیان میں اسرائیلی بربریت کے خلاف مزاحمت کو واحد حل قرار دیا گیا اور کہا کہ ہمارے لوگ اپنے خلاف جاری قبضے کے اقدامات کو قبول نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اپنے حقوق کے تحفظ اور صہیونی قبضے کا مقابلہ کرنے کے لیے کسی بھی طریقے سے اور کہیں بھی کام کرنے کے تمام اختیارات ہیں جنہیں استعمال کر نے کا وقت آگیا ہے۔
خیال رہے کہ منگل کی صبح کو قابض صہیونی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے اور النقب میں تین نہتے فلسطینیوں کو براہ راست گولیاں مار کرشہید کر دیا تھاجن کے نام نادر ہیثم ریان عمر 17سال، علاء شاحام عمر22 سال اور سند سالم الحربادعمر 27سال تھی ۔