(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تعاون تنظیم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کرے اوراسرائیل کو فلسطینیوں کے خلاف مسلسل خلاف ورزیوں کے لیے جوابدہ ٹھہرایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق اسلامی تعاون کی تنظیم(او آئی سی )نے اپنے مذمتی بیان میں مقبوضہ فلسطین میں صہیونی فوج کی فائرنگ سے 3 فلسطینی نوجوانوں کی شہادت کو قابض ریاست کی "فیلڈ ایگزیکیشن جرائم” قرار دیا ہےاور قابض حکام کو کشیدگی کے نتائج کے لیے مکمل طور پر ذمہ دار ٹھہرایا۔
او آئی سی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ اس سال کے آغاز سے اب تک 20 فلسطینیوں کو نام نہاد سیکیورٹی آپریشنز میں شہید کیا گیا اور یہ تناسب فلسطینی عوام کے خلاف جاری جرائم اور حملوں میں خطرناک اضافے کی نمائندگی کرتا ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کرے اوراسرائیل کو فلسطینیوں کے خلاف مسلسل خلاف ورزیوں کے لیے جوابدہ ٹھہرایا جائے۔
واضح رہے کہ صہیونی فوج نے منگل کی صبح مقبوضہ مغربی کنارے اور صحرائے نقب میں الگ الگ واقعات میں تین فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیاتھا۔