(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) ذرائع نے بتایا کہ قابض فوج کے ہاتھوں زخمی فلسطینیوں کی تعداد کم سے کم 18 ہے جنہیں صہیونی فوج نے بری طرح زدوکوب کیا اور اپنی گولیوں کا نشانہ بنایا۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز مقبوضہ فلسطین میں محصور علاقے غزہ کے وسطی علاقے دیربلح کے مشرق میں زرعی علاقوں پر قابض صہیونی فوج نے فلسطینی کاشت کاروں پر دھاوا بو ل کرربرکی دھاتی گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی کسان زخمی ہو گئے اس کے ساتھ ساتھ صہیونی فوجیوں نے گرفت میں آنے والے چند فلسطینیوں کو بندوق کے بٹوں سےلہو لہان کر دیا۔
ایک اور مقام پر جنوبی غزہ میں خان یونس کے شمال مشرقی قصبے قرارہ میں بھی قابض فوج نے فلسطینی کسانوں کو نشانہ بناتے ہوئے بھاری مقدار میں آنسو گیس کی شیلنگ کی جبکہ تیار فصلوں کو بھی تباہ کردیا۔
صہیونی فوج کی آنسو گیس شیلنگ سے 18 کے قریب کسان دم گھٹنے کے باعث بے ہوش ہو گئے جنہیں اپنی مدد آپ کے تحت فلسطینیوں نے ہسپتالوں میں منتقل کیا جہاں ان کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے۔