(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صہیونی فوج کی اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آکر مظاہرین سمیت دو صحافی بھی زخمی ہو گئےجبکہ اسرائیلی فوج کی بھاری مقدار میں آنسو گیس کی شیلنگ سے درجنوں فلسطینی سانس لینے میں دشواری کے باعث بے ہوش ہو گئے۔
ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز مقبوضہ مغربی کنا رے کے شہر الخلیل میں باب الزاویہ کے مقام پر فلسطینی شہریوں کی جانب سے صہیونی جیلوں میں قید بے گناہ فلسطینی اسیران کے حق میں پر امن مظاہرہ کیا گیا جس پر قابض اسرائیلی فورسز نے اچانک حملہ کر کے وحشیانہ تشدد اور براہ راست گولیاں چلاکر اس مظاہرے کو دبانے کی کوشش کی۔
صہیونی فوج کی اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آکر مظاہرے میں شریک متعد د فلسطینی باشندوں سمیت دو صحافی بھی زخمی ہو گئےجبکہ اسرائیلی فوج کی جانب سے بھاری مقدار میں آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی جس کی وجہ سے درجنوں فلسطینی سانس لینے میں دشواری کے باعث بے ہوشی کی حالت میں ہسپتالوں میں لائے گئے جنہیں فوری طبی امداد دی گئی۔
واضح رہے کہ گذشتہ کئی روز سے فلسطینی قیدی اسرائیلی انتظامی حراست کی غیر قانونی پالیسی کے خلاف صہیونی جیلوں میں احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں جن کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیلیے عام عوام نے یہ پر امن مارچ کیااور احتجاجی مارچ میں اسرائیلی جیل سروس کے تعزیری اقدامات مسترد کرنے کا اعلان کیا۔