(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صہیونی بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ امریکی مشق میں ان کی شرکت ‘طاقت، باہمی سیکھنے اور تزویراتی شراکت داری پر مبنی ہمارے بحری بیڑوں کے درمیان مضبوط تعلق کو ظاہر کرتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فلسطین پر قابض صہیونی ریاست اسرائیل کی بحریہ کے سربراہ ڈیوڈ سلاما نےاپنے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ اسرائیل نے پاکستان سمیت سعودی عرب اور بعض دیگر ممالک کے ساتھ امریکی قیادت میں ہونے والی مشق میں حصہ لیا ہےیہ وہ ممالک ہیں جن کے ساتھ اسرائیل کے سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔
صہیونی بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ امریکی مشق میں ان کی شرکت ‘طاقت، باہمی سیکھنے اور تزویراتی شراکت داری پر مبنی ہمارے بحری بیڑوں کے درمیان مضبوط تعلق کو ظاہر کرتی ہے اور ہمارے شراکت داروں کے ساتھ مل کر سمندری میدان میں دہشت گردی کو روکنے اور خطے کے پانیوں کی سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہی ہے’۔
اس حوالے سے امریکی بحریہ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیاہے کہ 31 جنوری کو شروع ہونے والی اس بین الاقوامی میری ٹائم مشق (آئی ایم ایکس) میں 60 افواج کے 9 ہزار سے زیادہ افراد نے حصہ لیااورشرکا میں پاکستان، سعودی عرب، عمان، کوموروس، جبوتی، صومالیہ اور یمن بھی شامل تھے جن کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔
امریکی بحریہ نے کہا کہ ہر دو سال ہونے والی یہ مشق 2012 میں شروع کی گئی تھی اور یہ ‘مشرق وسطٰی میں سب سے بڑی کثیر الاقوامی بحری مشق’ بن گئی ہے۔