(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قابض ریاست میں اس نئے ایرانی میزائل کی خصوصی گونج سنائی دی جارہی ہے اور حکام سمیت صہیونی میڈیا میں ایک کھلبلی سی مچ گئی ہے اور صہیونی میڈیا میزائل سے متعلق مختلف معلومات یکے بعد دیگرے فراہم کر رہے ہیں۔
عالمی ذرائع ابلاغ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ایرانی عسکری ذرائع نےایک نئے ایرانی میزائل کی کامیاب تیاری کا اعلان کیا ہے جو ہدف کا 1450 کلومیٹر فاصلے تک تعاقب کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
گذشتہ روز ایرانی فوجی حکام کے پاسداران انقلاب کے میزائل بیس کے دورے پر اس میزائل کی رونمائی کی گئی جس کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ یہ قابض اسرائیلی ریاست سمیت امریکا کے علاقائی عسکری اڈوں کو رینج میں لا سکتا ہے۔
قابض ریاست میں اس نئے ایرانی میزائل کی خصوصی گونج سنائی دی جارہی ہے اور حکام سمیت صہیونی میڈیا میں ایک کھلبلی سی مچ گئی ہے اور صہیونی میڈیا میزائل سے متعلق مختلف معلومات یکے بعد دیگرے فراہم کر رہے ہیں جن میں ایرانی میزائل کا نام خیبر شکن بتایا گیا ہےجو ان کے مطابق ایک یہودی قلعے کا حوالہ ہے جسے اسلام کے ابتدائی دنوں میں مسلمانوں نے فتح کیا تھا۔
واضح رہے کہ ایران کے سرکاری ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ میزائل ٹھوس ایندھن سے چلنے والا ہے، اور میزائل شیلڈ سسٹم کو بھی شکست دے سکتا ہےاور میزائل کی تیاری کی یہ خبر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایک دن قبل 2015 کے جوہری معاہدے کو بچانے کے لیے تہران اور واشنگٹن کے درمیان بالواسطہ مذاکرات دوبارہ شروع ہو گئے ہیں۔