(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) ڈاکٹرصابرابو مریم نے کہا کہ یہ حقیقت روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ جب تک ایک بھی کشمیری اور فلسطینی باقی ہے فلسطین اور کشمیر کا مسئلہ باقی رہے گااور دنیا کی کوئی طاقت بھی انہیں ان کے جائز حقوق کے حصول سے نہیں روک سکتی۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روزیوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سےکراچی میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کشمیر کانفرنس منعقدہ کی گئی جس کی صدارت امیرجماعت حافظ نعیم نے کی۔
کانفرنس میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم سمیت مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں جن میں بشمول سینیٹر نہال ہاشمی، بشارت مرزا، حافظ غیاث، علامہ صادق جعفری، حافظ امجد، پاسٹر امجد فاروق، انیل سنگھ، یونس سون، منوج چوہان، علامہ عقیل نورانی، پیر اللہ داد، مسلم پرویز، نعیم قریشی، مقصود یوسفی سمیت فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے شرکت کی اوریکجہتی کشمیر کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کہا کہ کشمیر سمیت فلسطین و افغانستان اور یمن کے مسائل منصفانہ حل کے متلاشی ہیں، کشمیری عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں اور پاکستان کے لئے کشمیر شہ رگ حیات ہے۔اور یہ حقیقت روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ جب تک ایک بھی کشمیری اور فلسطینی باقی ہے فلسطین اور کشمیر کا مسئلہ باقی رہے گااور دنیا کی کوئی طاقت بھی انہیں ان کے جائز حقوق کے حصول سے نہیں روک سکتی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی مسلسل جدوجہد نے آج کشمیر کے مسئلہ کو نئی نسلوں کے درمیان زندہ رکھا ہےدوسری جانب عالمی استعمار کی کوشش ہے کہ فلسطین اور کشمیر کے مسائل کو پس پشت ڈال دیا جائےجس میں امریکہ اور اسرائیل سمیت برطانوی استعمار کشمیر و فلسطین کے مسائل کی اصل جڑ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطین میں عوام نے غاصب صہیونی ریاست کے خلاف نہتے قیام کیا اور کامیابی حاصل کی اسی طرح کشمیر میں بھی عوام جدوجہد کر رہے ہیں لہٰذا دنیا کو یہ سمجھ لینا چاہئے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی ان کا حق ہے اور کشمیر کی آزادی کا واحد راستہ مسلح جدوجہد سے ہی ممکن ہے۔