(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) طیب ایردوآن نےکہا کہ ترکی کی کوشش ہے کہ وہ خلیج اور مشرق وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ تعاون بڑھائے جس کے تناظر میں بالخصوص متحدہ عرب امارت اور اسرائیل کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
عالمی نشریاتی ادارے کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نےاپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آئندہ ماہ صہیونی ریاست اسرائیل کے صدراسحاق ہروزگ ترکی کا دورہ کریں گےجس کا مقصد دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے ایک نئے باب کا آغازہے۔
ترک صدر نے کہا کہ ترکی صہیونی ریاست کے ساتھ مختلف شعبہ جات بالخصوص قدرتی گیس کی تجارت میں تعاون کے لیے مکمل طور پر تیار ہےجبکہ ترکی کی کوشش ہےکہ وہ خلیج اور مشرق وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ تعاون بڑھائے۔
یاد رہے کہ ترکی نے مارچ1949ء میں اسرائیل کو بطور ریاست تسلیم کیا تھا اور یوں وہ پہلا اسلامی ملک بن گیا تھا، جس نے اس یہودی ریاست کی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کی بات کی تھی تاہم ایردوآن کے اقتدار میں آنے کے بعد ان دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات میں نشیب و فراز دیکھا گیا ہے۔