(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صہیونی صدر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مجھے یہ اعزاز نصیب ہوا ہے کہ میں متحدہ عرب امارات کا دورہ کرنے والا پہلا اسرائیلی صدر بن کر تاریخ رقم کروں گاجہاں ہم ایک نئے مشترکہ مستقبل کی بنیادیں رکھیں گے۔
اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز قابض ریاست اسرائیل کے صدر اسحاق ہرگوز کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ 30 سے 31 جنوری تک صدر خاتون اول کے ہمراہ عرب ریاست کا دورہ کریں گے اور متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کریں گے اوراعلیٰ سرکاری عہدیداروں سے ملاقات کے ساتھ ساتھ دبئی ایکسپو کا دورہ بھی کریں گے۔
انہوں نے اپنے بیان میں اس دورے کو اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے یہ اعزاز نصیب ہوا ہے کہ میں متحدہ عرب امارات کا دورہ کرنے والا پہلا اسرائیلی صدر بن کر تاریخ رقم کروں گاجہاں ہم ایک نئے مشترکہ مستقبل کی بنیادیں رکھیں گے۔
واضح رہے کہ 16ماہ قبل متحدہ عرب امارات نے کئی دہائیوں کے جمود کو توڑتے ہوئےامریکہ کی ثالثی میں اسرائیل کو تسلیم اور تعلقات بحال کرنے کا اعلان کردیا تھا، تعلقات کی بحالی کے اس معاہدے کو ابراہیم اکارڈ کے نام سے جانا جاتا ہےجس پرفلسطینیوں سمیت مسلم امہ کی جانب سے شدید غم و غصے کا رد عمل سامنے آیا ہے۔