(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) ترجمان حسن عبدربہ نے کہا کہ اسرائیلی غیر قانونی حراست کی پالیسی کا مقابلہ کرنے اور فلسطینی قیدیوں کا ساتھ دینے کیلیے سیاسی اور سفارتی مہمات کے ساتھ ساتھ ایک مسلسل عوامی تحریک کی بھی ضرورت ہے۔
ذرائع کے مطابق مقبوضہ فلسطین میں غیر قانونی اسرائیلی جیلوں میں قید 500 سے زائد فلسطینی قیدیوں نے اپنی انتظامی حراست کی غیر قانونی پالیسی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے 25ویں روز بھی اسرائیلی فوجی عدالتوں کا بائیکاٹ جاری رکھا۔
فلسطینی اسیران اور سابق قیدیوں کے امور کے ترجمان حسن عبد ربہ نےاپنے بیان میں کہا ہے کہ انتظامی حراست سے متعلق فوجی عدالتوں کے بائیکاٹ کا اقدام فلسطینی قیدیوں کے اجتماعی اور متحد مؤقف کے نتیجے میں آیا ہےجبکہ قابض ریاست کی اس غیر قانونی حراست کی پالیسی کا مقابلہ کرنے اور فلسطینی قیدیوں کا ساتھ دینے کیلیے سیاسی اور سفارتی مہمات کے ساتھ ساتھ ایک مسلسل عوامی تحریک کی بھی ضرورت ہے، تاکہ انتظامی حراستی فائل میں تیزی سے پیش رفت ہو سکے۔
خیال رہے کہ صہیونی زندانوں میں قید فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ بغیر کسی الزامات یا مقدمے کے اپنی غیر معینہ مدت تک حراست میں رکھنے کے خلاف یہ احتجاج اس وقت تک جاری رکھیں گے کہ جب تک ہمارے حقوق مان نہیں لیے جاتے اور ہمیں بغیر کسی جرم کے اسرائیلی جیلوں سے آزادی نہیں دی جاتی۔
واضح رہے کہ گذشتہ ایک سال کے دوران قابض حکام نے فلسطینی قیدیوں کے خلاف غیر قانونی حراست کی پالیسی کے تقریباً (1600) احکامات جاری کیے جس کےنتیجے میں قید کاٹنے والے فلسطینی تاحال جیلوں میں اسیری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔