(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) نفتالی بینیٹ نے لکھا کہ ’اگر یو اے ای چاہے تو عوام کی حفاظت اور اس طرح کے حملوں کو ناکام بنانے کے لیے اسرائیل کی سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ متحدہ عرب امارات کو کسی بھی حملے کی صورت میں پیشگی اطلاع اور جوابی کارروائی کی معاونت فراہم کرسکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قابض ریاست اسرائیل کے وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے گذشتہ روز ابوظہبی میں حوشیوں کے راکٹ حملے جس میں 3 شہری جاں بحق ہوگئے تھے کے افسوس کے لیے ولی عہد شیخ محمد بن زاید کو تعزیتی خط لکھا حملے کی شدید مذمت کی۔
صہیونی وزیر اعظم نے اماراتی ولی عہد کو لکھے گئے خط میں انتہا پسند تنظیموں کو شکست دینے کے لیے متحدہ عرب امارات کو سیکیورٹی انٹیلیجنس میں معاونت کی پیش کش کیاور کہا ہے کہ اسرائیل خطے میں جنگ اور انتہا پسندی کے خلاف ہے، ہم اپنے اتحاد سے مشترکہ دشمن کو باآسانی شکست دے سکتے ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ ’اگر یو اے ای چاہے تو عوام کی حفاظت اور اس طرح کے حملوں کو ناکام بنانے کے لیے اسرائیل کی سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ متحدہ عرب امارات کو کسی بھی حملے کی صورت میں پیشگی اطلاع اور جوابی کارروائی کی معاونت فراہم کرسکتی ہے۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں ایک روز قبل تین پیٹرولیم ٹینکرز پر ڈرون راکٹ حملے ہوئےتھے جس میں پاکستانی سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئےجبکہ حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے یمن کے حوثی باغیوں نے اس کارروائی کو اپنے خلاف جاری آپریشن کا ردعمل قرار دیا ہے۔