(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی رہنماؤں نے کہا کہ غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کے لیے اقدامات کرنے میں تاخیر ہو رہی ہے جس کی وجہ سے یہاں کسی بھی وقت انسانی بحران دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مقبوضہ فلسطین میں صہیونی جبر کا نشانہ بننے والے غزہ کے علاقے میں شدید انسانی بحران کا خدشہ سر اٹھا رہا ہے جس کی طرف سے فلسطینی مزاحمتی جماعتوں نے خبر دار کر تے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی صہیونی جارحیت اور مسلسل محاصرے کی وجہ سےمعیشت کی تباہ حالی کے باعث انسانی جانوں کو لاحق خطرات کے دہانے پر کھڑی ہے جس پر فوری اقدامات نہ اٹھائے گئے تو بہت بڑا انسانی المیہ وقوع پزیر ہوگا۔
اسلامی مزاحمتی تحریک حماس اور جہاد اسلامی کے رہنماؤں نے گزشتہ روز ایک مشترکہ اجلاس کے بعدپریس بریفنگ میں اعلان کیا کہ غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کے لیے اقدامات کرنے میں تاخیر ہو رہی ہے جس کی وجہ سے یہاں کسی بھی وقت انسانی بحران دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کی طرف سے محاصرہ ختم کرنا غاصب دشمن کی مہربانی نہیں ہے بلکہ فلسطینی عوام کا حق ہے اور اس کے بدلے میں ہم کوئی سیاسی قیمت ادا نہیں کریں گے۔
انھوں نے مزید کہا کہ فلسطینی جماعتوں کے درمیان قومی اتحاد کی ضرورت ہے اور ایک قومی قیادت کی تشکیل ضروری ہے جو صیہونی بستیوں اور یہودیت کے خلاف مزاحمت اور فلسطینی کاز کو درپیش تمام خطرات کا مقابلہ کرنے کی ذمہ داری قبول کرے۔