(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی کاز کی حمایت میں ملائیشیا کا اہم کردار ہےجس نے ہمیشہ قابض صہیونی ریاست کے ناجائز قبضے کے خاتمے اور فلسطینی عوام کو ان کے تمام حقوق دینے کا مطالبہ کیا اور واضح الفاظ میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کومسترد کیاہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ملائیشیا کی اسکواش ریکٹس ایسوسی ایشن (SRAM) کی جانب سے اسرائیلی اسکواش ایسوسی ایشن (ISA) کو اگلے ماہ ہونے والی عالمی چیمپئن شپ کے لیے ملک میں داخلے سے انکار کر تے ہو ئے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے مابین کشیدہ معاملات کے پیش نظر اسرائیل کو ملائیشیا میں ہونے والے اس چیمپیئن شپ میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اس معاملے پر ورلڈ اسکواش فیڈریشن کی صدر زینا وولڈریج نے بھی اسرائیلی کھلاڑیوں کی ملائیشیا میں ہونے والے ایونٹ میں شمولیت کو ممکن بنانے کی کوشش کی تاہم ملائیشیا کے پاسپورٹ جس پر واضح طور پر لکھا ہے "یہ پاسپورٹ اسرائیل کے علاوہ تمام ممالک کے لیے کارآمد ہے۔”کی عبارت نے خاموش کرادیا۔
واضح رہے کہ اسکواش کی عالمی چیمپیئن شپ،جو 7 دسمبر کو نیوزی لینڈ میں مقرر تھی، عالمی وبا کورونا وائرس کی پابندیوں کی وجہ سے ملائیشیا منتقل کر دی گئی تھی تاہم اسرائیل کی جانب سے اپنے کھلاڑیوں کے خصوصی ویزے کے حوالے سے استفسار پر ملائیشیا نے اسرائیل کو مطلع کیا کہ ایونٹ میں صہیونی کھلاڑیوں کو شامل نہیں کیا جا سکتا۔