(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صہیونی حکام نے اپنے کسی فوجی کے اغواء کی تردید کی تھی جس کے جواب میں نامعلوم فلسطینی حمایتی تنظیم نے دونوں مغوی صہیونی خفیہ تنظیم موساد کے اہلکار ڈیوڈ بین روزی اور ڈیوڈ پیری کی نئی ویڈیو جاری کردی ہے جس میں ایک مغوی واضح آواز میں کہہ رہا ہے کہ اس کو "اب کچھ بھی یاد نہیں ہے”۔
اس سے قبل خلیجی ممالک قطر کے شہر دوحہ میں قائم نشریاتی ادارے الجزیرہ نیوز چینل کی طرف سے نشر کیے جانے والے ایک تحقیقاتی پروگرام میں فلسطین کے حمایتی نامعلوم تنظیم کی ایک دیڈیو دیکھائی گئی جس میں نے دو اسرائیلی فوجیوں کو اغوا کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ویڈیو میں اغواء کاروں کے مطابق دونوں صہیونی خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں کو اسرائیل سے باہر ایک خفیہ سیکورٹی مشن کی انجام دہی کے دوران اغواء کیا گیا ہے۔
ویڈیو میں ایک مغوی نے اپنا تعارف ڈیوڈ بین روزی کے نام سے کرایا تھا جبکہ اپنے دوسرے ساتھی ڈیوڈ پیری کے حوالے سے کہا تھا کہ اس کی صحت بہت خراب ہے اس کو فوری طبی امداد کی ضرورت ہے
واضح رہے کہ نامعلوم تنظیم کی جانب سے صہیونی خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں کے اغواء کے حوالے سے پہلے تو اسرائیلی حکام کی جانب سے کوئی تبصرہ جاری نہیں کیا تھا جبکہ بعد میں انھوں نے اس دعوے کو بے بنیادقرار دیا تھا جس پر تنظیم کی جانب سے نئی ویڈیو جاری کی گئی ہے۔
اغواکاروں نے دونوں اہلکاروں کی رہائی کو صہیونی ریاست کی جیلوں میں قید معصوم فلسطینیوں کی رہائی سے منسلک کیا ہے، اغواء کاروں نے صہیونی ریاست کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جب تک اسرائیلی جیلوں میں قید بے گناہ فلسطینیوں کو رہا نہیں کیا جاتا ان دونوں صہیونی فوجیوں کو رہا نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ صہیونی جیلوں میں تقریباً 4,850 فلسطینی نظر بند ہیں، جن میں 40 خواتین، 225 بچے اور 40 ایسے فلسطینی ہیں جو بغیر کسی جرم کے انتظامی حراست کی غیر قانونی پالیسی کے تحت نظر بند ہیں۔