(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ الجزائر اب بھی فلسطینی قوم کے لیے اہمیت کا حامل ہے اور اس نے نہ صرف قضیہ فلسطین کی ہرسطح پر حمایت کی بلکہ افریقی براعظم میں صہیونی ریاست کی مداخلت کو روکنے کے لیے موثر کوششیں کی ہیں۔
عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے افریقی ملک الجزائر میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل افریقہ میں اپنے قدم جمانے کی ناکام کوششیں کر رہا ہے تاہم اسرائیل خطے میں اپنے توسیع پسندانہ عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔
اسماعیل ہنیہ نے الجزائر میں اسرائیلی ریاست کا نفوذ روکنے کے حوالے سے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ نارملائزیشن کا عمل زیادہ دور تک نہیں جائے گا کیونکہ قضیہ فلسطین اب بھی خطے کے ممالک کے وجدان میں موجود ہے اور ہم قضیہ فلسطین کے مسقبل کے حوالے سے پرامید ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ الجزائر کا قضیہ فلسطین کے حوالے سے موقف قابل تحسین ہے۔ الجزائر افریقی خطے میں اسرائیلی دشمن کی مداخلت کی روک تھام کے لیے کوشاں ہے اور فلسطینی قوم الجزائر کی مساعی کی تحسین کرتی ہے۔