(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مفتی گلزار نعیمی نے کہا کہ مسلم دنیا کے چند حکمرانوں کی خیانت کاری کی وجہ سے آج مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ بھی حل نہیں ہواجبکہ دوسری جانب عرب حکمران صہیونی ریاست اسرائیل کے ساتھ تعلقات بنا کر فلسطینیوں کی پیٹھ میں خنجر گھونپ رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز جماعت اہل حرم کے سربراہ اور جامعہ نعیمیہ اسلام آباد کے مہتمم مفتی گلزار احمد نعیمی نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم سے ملاقات کی جس میں عالم اسلام کے اہم ترین مسائل فلسطین و کشمیر سمیت یمن، لیبیا، افغانستان اور دیگراسلامی ممالک کے حالات اور ذمہ داریوں کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔
گفتگو کے دوران فلسطین اور کشمیر سے متعلق تازہ ترین صورت حال پرتبادلہ خیال کرتے ہوئے مفتی گلزار نعیمی نے کہا کہ مسلم دنیا کے چند حکمرانوں کی خیانت کاری کی وجہ سے آج کشمیر کا مسئلہ بھی حل نہیں ہواجبکہ دوسری جانب عرب حکمران اسرائیل کے ساتھ تعلقات بنا کر فلسطینیوں کی پیٹھ میں خنجر گھونپ رہے ہیں۔
اس وقع پر فلسطین فاؤنڈیشن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کہا کہ امریکہ عالمی سطح پر فلسطین میں ہونے والی صہیونی دہشتگردی اور کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کی سرپرستی کر رہا ہےاور افغانستان میں دہشتگرد گروہوں کی سرپرستی میں ملوث ہے۔
ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کہا کہ اسرائیل غاصب صہیونیوں کی ایک جعلی ریاست ہے جس کی سازشوں کا دائرہ القدس سے بڑھ کر پاکستان سمیت پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے اوراس کا مقابلہ صرف اور صرف اتحادبین المسلمین سے ممکن ہے۔
سربراہ جماعت اہل حرم مفتی گلزار احمد نعیمی نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا اوردونوں رہنماؤں نے پاکستان میں اتحاد اور وحدت کی اہمیت پر زور دیا ساتھ ہی امریکہ، اسرائیل اور ان کے عرب و بھارتی اتحاد پر مبنی پاکستان میں انارکی پھیلانے والے عناصر کے خلاف جدوجہد کے ذریعہ باہمی اتحاد اور یکجہتی کے فروغ کے لئے ہر ممکنہ اقدامات پر غور کیا اورعملی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیا ۔