(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ میں سرچ آپریشن کے دوران مزاحمت کاروں کاحملہ، ایک افسر سمیت پانچ اہلکار ہلاک ہوگئے ، بھارتی فوج نے حملے کے بعد سیکڑوں کشمیریوں کو گرفتارکرکے نامعلوم مقام پر متنقل کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج پر حملہ اُس وقت ہوا جب وہ ضلع پونچھ کے علاقے سرن کوٹ میں محاصرے اور گھر گھر تلاشی میں مصروف تھے ، کشمیر میڈیا سروس نے بتایا کہ حملے میں بھارتی فوج کے جونیئر کمیشنڈ آفیسر سمیت 5 اہلکار ہلاک ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق حملے میں ایک اہلکار زخمی بھی ہوا جبکہ قابض سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے کا محاصرہ جاری ہے۔بھارتی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیویندر آنند کے مطابق علاقے میں فوج اور پولیس کی مزید کمک بھیجی گئی ہے اور جھڑپ ابھی جاری ہے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے اضلاع پونچھ اور راجوڑی میں بھارتی فورسز کا آپریشن مسلسل 9 ویں روز بھی جاری ہے جس میں اب تک سیکڑوں کشمیریوں کو گرفتارکرکے نامعلوم مقامات پر متنقل کردیا گیا ہے۔