(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اقوام متحدہ کے میڈیا ایڈوائزر نے کہا کہ اگر ہمیں سال کے اختتام تک مطلوبہ فنڈ نہیں ملتا تو مہاجرین کو فراہم کی جانے والی ہماری خدمات متاثر ہوں گی۔
عالمی نشریاتی ادارے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مقبوضہ فلسطینی محصورعلاقے غزہ میں اقوام متحدہ کی امدادی اور ورکس ایجنسی(اونروا) کے میڈیا ایڈوائزرعدنان ابو حسنہ نےاپنے بیان میں بتایا ہے کہ ایجنسی کے پاس تقریباً 12کروڑ امریکی امدادی ڈالرز کی مالی کمی کا سامنا ہے جو ایجنسی کے پانچ علاقوں میں فلسطینی پناہ گزینوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ضروری ہے۔
عدنان ابو حسنہ نے کہا کہ اگر ہمیں سال کے اختتام تک مطلوبہ فنڈ نہیں ملتا تو مہاجرین کو فراہم کی جانے والی ہماری خدمات متاثر ہوں گی یہ مطلوبہ رقم اکتوبر کے لیے 2کروڑ ڈالرز اور نومبر ، دسمبر کے لیے 10کروڑ ڈالرز پر مشتمل ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی امدادی اور ورکس ایجنسی 1949 میں اپنے قیام کے بعد سے غزہ کی پٹی، مغربی کنارے، لبنان، اردن اور شام میں پناہ گزین کیمپوں میں رہنے والے56 لاکھ فلسطینی پناہ گزینوں کو انسانی خدمات فراہم کررہی ہے، ان خدمات میں تعلیم ، صحت کی دیکھ بھال، امدادی سماجی خدمات اور کیمپ کا بنیادی ڈھانچہ شامل ہیں۔