(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی وزیر خارجہ کا بحرین آمد پر پرتپاک اور گرم جوشی سے استقبال کیا گیا تاہم فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ابراہم اکارڈز معاہدے کے خلاف عوام نے ان کی آمد پر مانامہ کی سڑکوں پر ٹائر جلائے جس سے سیاہ دھواں فضا میں بلند ہوا۔
عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صہیونی ریاست اسرائیل کے وزیر خارجہ یائر لیپدگذشتہ روز خلیجی ریاست بحرین پہنچ گئے جہاں وہ بحرین کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے بعد اسرائیلی سفارتخانے کے افتتاح کے ساتھ چند دو طرفہ معاہدوں پر دستخط کریں گے جبکہ صہیونی وزیر خارجہ کے بحرین پہنچنے کے بعدبحرینی شہر مانامہ سے اسرائیلی دارالحکومت کے لیے پہلی کمرشل پرواز بھی باقاعدہ طور پر شروع کر دی گئی ہے۔
بحرین، متحدہ عرب امارات، مراکش اور سوڈان نے اسرائیل کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے گذشتہ برس امریکی معاونت کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا جسے ’ابراہم اکارڈز‘ بھی کہا جاتا ہے۔ اس وقت تک صرف دو عرب ممالک مصر اور اردن نے اسرائیل کے ساتھ امن معاہدہ کیا ہوا تھا۔
واضح رہے کہ اگرچہ اسرائیلی وزیر خارجہ کا بحرین آمد پر پرتپاک اور گرم جوشی سے استقبال کیا گیا تاہم عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ابراہم اکارڈز معاہدے کے مخالفین نے ان کی آمد پر مانامہ کی سڑکوں پر ٹائر جلائے جس سے سیاہ دھواں فضا میں بلند ہوا۔