(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) شرپسند صہیونی آبادکاروں نے یہودی مذہبی تہوارعید خیام کے موقع پر مذہبی رسومات کی ادائیگی کے نام پر مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولا اور مقدس مقامات کی بے حرمتی کی۔
مقبوضہ بیت المقدس کے ڈائریکٹر مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان میں بتایاگیا ہے کہ گذشتہ روز سیکڑوں شرپسند صہیونی آبادکاروں نےسیکیورٹی فورسز کے حفاظتی حصار میں یہودی مذہب کے تہوارسوکوت جس کو عید خیام بھی کہتے ہیں کے موقع پر مذہبی رسومات کی ادائیگی کے نام پر قبلہ اول پر دھاوا بولا اور مقدس مقامات کی بے حرمتی کی۔
بیان میں کہا گیا کہ 600 سے زائد جنونی شرپسند صہیونی آبادکاراسرائیلی پولیس کی حفاظت میں مسجد اقصیٰ کے جنوب مغرب میں واقع مراکشی دروازے سے داخل ہوئےاور صہیونی ریاستی کے پرچم لہراتے ہوئے قبلہ اول میں گھس گئے ، شرپسند صہیونی آبادکاروں نے اس موقع پر اشتعال انگیز نعرے بازی کی اورتلمودی گیت گائے۔
واضح رہے کہ سوکوت کو جشن خیام، عید خیام یا خیموں کی عیدکہا جاتا ہے جو عبرانی تقویم کے مہینے تشری کی پندرہ تاریخ کو بنی اسرائیل کے مصر سے خروج کی نسبت سے منایا جاتا ہے۔ اس جشن سے مراد غلامی سے نجات حاصل کر کے آزادی کے خیمے میں پہنچنے کی لی جاتی ہے۔