(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) 24 اگست کو نابلس کے بلاطہ مہاجر کیمپ میں رات کےوقت چھاپے کے دوران اسرائیلی فورسز نے ایک 15 سالہ لڑکے کو گولی مار کر شہید کر دیا جس کی شناخت عماد حشاش کے نام سے ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین کے محاصرہ زدہ علاقے غزہ کی پٹی سمیت مغربی کنارے میں 24اگست سے 6 ستمبر کے درمیان قابض اسرائیلی فوج نے 5 فلسطینیوں کو شہید کیا ، جس سے 2021 کے آغاز سے اب تک اسرائیل کے ہاتھوں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 320 ہوگئی ہے ۔
مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی امور (او سی ایچ اے) نے اپنی شہری تحفظ کے حوالے سے جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز نے 2 فلسطینیوں کو گولی مار کر شہید کیا جبکہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فورسز نے ایک بچے سمیت 3 فلسطینیوں کو شہید کیا۔
رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج نے 3 فلسطینیوں کوگولیوں کا نشانہ بنایا جن میں سے دوافراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئےدم توڑ گئے جبکہ اسرائیلی فورسز نے غزہ کی سرحدوں پر 1948 کے زیر قبضہ پرامن احتجاج میں شریک فلسطینی مظاہرین کے خلاف براہ راست گولہ بارود ، ربڑ کی گولیاں اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2021 کے آغاز سے اب تک غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں 263 فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔