(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم پاکستان میں ان کی جرات مندانہ جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کے الفاظ یاد رہیں گے کہ ‘ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے’۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد آزادی کی تحریک کےاہم ستون مانے جانے والے معروف اور بزرگ کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی 92سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
سید علی گیلانی گزشتہ سال آل پارٹیز حریت کانفرنس کے سربراہ کے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے جس کے وہ 1993 میں قیام کے بعد سے رکن تھے جبکہ 2003 میں انہیں اس تحریک کا تاحیات چیئرمین منتخب کر لیا گیا تھا۔
وزیر اعظم عمران خان نے ممتاز حریت رہنما کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اپنی پوری زندگی کشمیر کے عوام اور ان کے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کرنے والے فریڈم فائٹر سید علی گیلانی کی جگہ ان کے انتقال کے بعد اب کبھی پر نہیں ہو سکتی ، انہوں نے بھارتی فوج کی قید اور صعوبتوں کو برداشت کیا لیکن اپنے عزم پر قائم رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں ان کی جرات مندانہ جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کے الفاظ یاد رہیں گے کہ ‘ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے’۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سید علی گیلانی کے انتقال پر آج قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور آج سرکاری سطح پر یوم سوگ منایا جائے گا۔ گزشتہ سال پاکستان نے سید علی گیلانی کو نشان پاکستان کے اعزاز سے نوازا تھا۔
خیال رہے کہ بزرگ رہنما کے انتقال کے بعد بھارتی فوج کی جانب سے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ان کے گھر جانے والے راستوں پر خار دار تاروں کی مدد سےباڑ لگا دی گئی ہے جبکہ سید علی گیلانی کے گھر کے قریب واقع مسجد کے لاؤڈ اسپیکر سے اعلان کر کے حریت رہنما کے گھر کی جانب مارچ کرنے کی اپیل کی جا رہی ہے لیکن اس علاقے میں درجنوں مسلح دستے گشت کررہے ہیں اور پولیس نے عوام کو گھروں سے نہ نکلنے کی دھمکی دی ہے۔