(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی اتھارٹی کے ہاتھوں نزار بنات کے قتل کے خلاف احتجاج کے دوران حراست میں لئے گئے فلسطینی رہنماپر دوران حراست بدترین تشدد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے مخالف رہنما نزار بنات کے قتل کے خلاف احتجاج کے دوران حراست میں لئے گئے فلسطینی مزاحمتی تحریک اسلامی جہاد کے رہنما اور سابق اسیر ماہرالاخرس نے فلسطینی اتھارٹی کی قید سے رہائی کےبعد اپنے اوپر ڈھائے جانے والے مظالم کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عباس ملیشیا کے اہلکار وں نے انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور اس وقت تک مارتے رہے جب تک وہ شدت تکلیف سے بے ہوش نہیں ہوگئے۔
ماہر الاخرس نے بتایا کہ ہم نے عباس ملیشیا کی جانب سے اسلامی جہاد کے رہنما خضر عدنان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج شروع کیا ہے۔ ہمارا یہ احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک عدنان اور دیگر سیاسی قیدیوں کو رہا نہیں کردیا جاتا۔
واضح رہے کہ فلسطینی اتھارٹی کی ایک مجسٹریٹ عدالت نے ماہر الاخرس اور دیگر سات رہنماوٗں کی رہائی کا حکم دیا تھا جس کے بعد انہیں رہا گیا۔