(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غزہ کے مصروف کاروباری علاقے میں دھماکہ ایک مکان میں ہوا جس سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ 10 افراد شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز مقبوضہ فلسطینی محصور علاقہ غزہ میں عید الضحٰی کے تیسرے روز الزاویہ کے مقام پر زور دار دھماکے سے مصروف کاروباری علاقے میں واقع ایک مکان منہدم ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شدید زخمی ہونے کے بعد جانبر نہ ہوسکا جبکہ 10 افراد کو بد ترین حالت میں شہری دفاعی ٹیموں نے ہسپتال منتقل کر دیا جہاں ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
اب تک کی اطلاعات کے مطابق اس دھماکے سےمکان منہدم ہوگیا ہے جبکہ آس پاس عمارتوں اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے تاہم دھماکے کے نتیجے میں مکانوں اور دکانوں کو لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور پولیس دھماکے کی نوعیت کی تحقیقات کر رہی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ میں دھماکے کےاس واقعہ سے کوئی تعلق نہیں اور یہ غزہ شہر کا داخلی معاملہ ہے۔
واضح رہے کہ غزہ کی پٹی میں دو ماہ قبل مئی میں اسرائیل کی مسلط کردہ گیارہ روزہ جنگ کے نتیجے میں تباہ حالی پھیلی تھی جس کی بحالی اورتباہ شدہ عمارتوں کی ازسرنو تعمیر کا کامتاحال شروع نہیں ہوسکا ہے۔