(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حکام کے اندازوں سے پتہ چلتا ہے کہ یہ مذاکرات ، ایرانی صدرابراہیم رئیسی کے اقتدار میں آنے کے بعد آگے بڑھيں گے۔
اسرائیل کے عبرانی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا کے ایران کے ساتھ ایٹمی پروگرام کے معاہدے میں واپسی کے آثار واضح ہونے شروع ہوگئے ہیں اور جلد ہی یہ خبر سامنے آئے گی کہ امریکا، ایران جوہری معاہدے کے حوالے سے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں جس کے باعث اسرائیل میں سخت تشویش پھیل گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے اندازوں سے پتہ چلتا ہے کہ یہ مذاکرات، ابراہیم رئیسی کے اقتدار میں آنے کے بعد آگے بڑھيں گےاور اسرائيلیوں کو یقین ہے کہ ابراہیم رئیسی شدت پسند ہونے کے باوجود امریکی حکومت کے ساتھ نیا معاہدہ کر سکتے ہيں۔
خیال رہے کہ اسرائیل کی جانب سے یہ رپورٹ ایسے حالات میں نشر کی گئی ہے کہ جب ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے منگل کے روز واضح طور پر کہا ہے کہ ایران کا موقف، حکومت بدلنے سے، تبدیل نہیں ہوگا اور ابراہیم رئیسی کی حکومت، ہر اس معاہدے کی پابند ہوگی جس پر ایران نے دستخط کئے ہوں گے ۔