(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی آبادکاروں کے حضرت یوسفؑ کے مزار پردھاوے کے بعد فلسطینیوں اور آبادکاروں کے مابین پر تشدد جھڑپیں شروع ہو گئیں، فوج اور فلسطینیوں کے تصادم کے دوران ایک فلسطینی شہری فوج کی فائرنگ کا نشانہ بنتے ہوئے شدید زخمی ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق گذشتہ روزقابض ریاست اسرائیل میں نابلس میں عمان اسٹریٹ کے قریب اس وقت اندھا دھند فائرنگ کی جب متعدد صہیونی آباد کاروں نے حضرت یوسفؑ کے مزار پر دھا وا بولا اور مقدس مقام کی بے حرمتی کی جس کے نتیجے میں مقامی فلسطینیوں اور آباد کاروں کے مابین پر تشدد جھڑپیں شروع ہو گئیں اور قابض فوج نے درجنوں فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
صہیونی فوج کی پرتشدد کارروائی کے نتیجےمیں فلسطینیوں کی جانب سے فوج اور آباد کارو ں پر پتھراؤ کیا گیا جبکہ صہیونی فوج نے طاقت کا بھر پور استعمال کرتے ہوئےفلسطینیوں پراندھا دھند فائرنگ کی اور بھاری مقدار میں آنسو گیس کی شیلنگ کی،صہیونی فوج اور فلسطینیوں کے تصادم کےدوران ایک فلسطینی شہری فوج کی فائرنگ کا نشانہ بنتے ہوئے شدید زخمی ہو گیاجس کے حوالے سے، نابلس میں ریڈ کریسنٹ سوسائٹی میں ایمبولینس اور ایمرجنسی کے ڈائریکٹر، احمد جبریل نے بتایا کہ اس نوجوان کے چہرے اور ٹانگ میں تین گولیاں لگیں جس کے بعد اسے اسپتال لے جایا گیا ، جہاں اس کی حآلت تشویش ناک ہے۔