(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) حماس اسرائیلی جارحیت اور معاہدے کی خلاف ورزیوں کےجواب میں مزاحمت کے ہتھیار کااستعمال کرے گی جبکہ فلسطینیوں کے دکھوں کے خاتمے اور اپنی عوام کےحقوق کےحصول تک ہر قیمت پر مزاحمت جاری رکھی جائے گی۔
ذرائع کےمطابق گذشتہ روز اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان فوزی برھوم کی جانب سے غزہ کی پٹی میں نصف شب کے دوران اسرائیلی بمباری کی مذمت کی گئی ہے۔
فوزی برھوم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نئی صہیونی حکومت کی مزاحمتی مقامات پر بمباری کا مقصد صرف صہیونی آبادکاروں کی رضامندی حاصل کرنے اورحکومت مخالف داخلی بحرانوں پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش کےعلاوہ کچھ نہیں ہے۔
انہوں نے اسرائیل کی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے حوالے سے کہا کہ فلسطینی مزاحمتی گروہ اپنی حکمت عملی کے مطابق کامیاب ہوگئے ہیں اور جلد ہی انتہائی مربوط کارروائیوں میں اسرائیلی جرائم کا جواب دیں گے۔
ترجمان نے کہا کہ حماس اسرائیلی جارحیت اورمعاہدے کی خلاف ورزیوں کے جواب میں مزاحمت کا ہتھیار استعمال کرے گی جبکہ فلسطینیوں کے دکھوں کے خاتمے اور اپنی عوام کے حقوق کے حصول تک ہر قیمت پر اپنی مزاحمت جاری رکھی جائے گی۔
یاد رہے کہ ماہ مئی سے اب تک اسرائیلی جیٹ طیاروں نے تیسری بار جنگ بندی معاہدہ توڑتے ہوئے جنوبی غزہ کی پٹی میںمزاحمت کاروں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے ۔