(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مقبوضہ فلسطین میں حالیہ صہیونی بمباری اور فلسطینی عوام پر ہونیوالے اسرائیلی مظالم کو دنیا بھر اُجاگر کرنے کیلئےلاہور میںگورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں فلسطین سوسائٹی قائم کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز لاہور میںگورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں فلسطین سوسائٹی کے قیام کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اصغر زیدی نے تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب/چانسلر چودھری محمد سرور کو ان کی مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں نمایاں خدمات سر انجام دینےکے اعتراف میں جوائنٹ پیٹرن چیف مقرر کیاگیا۔
تقریب میں سوسائٹی کی جانب سے فلسطینی مظالم پر ایک ڈرامہ بھی پیش کیا گیاجبکہ مہمان خصوصی چودھری محمد سرور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کی جانب سے قائم کی گئی یہ فلسطین سوسائٹی فلسطینیوں پر ہونیوالے اسرائیلی مظالم کو دنیا بھر میں اجاگر کرے گی اور ایک دن فلسطینیوں کی تاریخی جدوجہد کے تحت بیت المقدس ضرور آزاد ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں کسی بھی مسئلے کا حل جنگ نہیں مذاکرات ہیں تاہم انٹرنیشنل کمیونٹی نے فلسطین پر اپنی آنکھیں بند کر رکھی ہیں جبکہ فلسطین، کشمیر اور افغانستان کا مسئلہ ان کی عوام کی رائے کے بغیر حل ہونا ناممکن ہے۔