(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی وزیر خارجہ نے اپنے دورہ ابوظہبی کے دوران خطے کے تمام ممالک سے دوستی کا مطالبہ کر دیا۔
عالمی نشریاتی ایجنسی کے مطابق صہیونی قابض ریاست اسرائیل کے وزیر خارجہ یائر لیپد نے گذشتہ روز اپنے دو روزہ دورہ متحدہ عرب امارات میں دبئی پہنچے جہاں انہوں نے ایکسپو 2020 سائٹ کا دورہ کیا اور ایکسپو میں تعمیر اسرائیلی پویلین پہنچے اور اماراتی وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون ریم ہاشمی سے ملاقات بھی کی۔
اس موقع پر ابوظہبی میں موجود اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لپید نے کہا کہ یہ تاریخی لمحات ہیں، مشرق وسطیٰ ہمارا گھر ہےاور ہم خطے کے تمام ممالک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آئیں اور ہم سے بات کریں۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے خلیج میں اپنا پہلا سفارت خانہ ابوظہبی میں کھول لیا ہے جبکہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان معاشی اور تجارتی معاہدے بھی طے پا گئے ہیں گذشتہ برس متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین تعلقات معمول پر لانے والے ابراہیم معاہدے پر دستخط کے بعد گذشتہ سال اکتوبر سےاب تک 125،000 اسرائیلی متحدہ عرب امارات کا دورہ کر چکے ہیں۔