(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) معید یوسف نے کہا ہےکہ ‘وزیرِ اعظم اس بارے میں انتہائی واضح پیغام دے چکے ہیں۔ پاکستان فلسطینیوں کے لیے ایک منصفانہ دو ریاستی حل کے لیے کھڑا رہے گا۔ اس کے علاوہ یہ سب سازشی نظریات ہیں۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اسرائیلی حکام سے ملاقات کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ واضح الفاظ میں بتا دینا چاہتے ہیں کہ ان کی اسرائیلی اہلکاروں سے ملاقاتیں نہیں ہوئیں اور نہ ہی انھوں نے کبھی اسرائیل کا دورہ کیا ہے۔
اپنے پیغام میں انھوں نے کسی کا نام لیے بغیر ایک ٹویٹ میں کہا کہ ‘یہ جان کر افسوس ہوا ہے کہ ایک بڑی سیاسی جماعت کے رہنما نے یہ اشارہ دیا کہ میں نے خفیہ طور پر اسرائیلی اہلکاروں سے ملاقات کی تھی۔’انھوں نے کہا کہ ‘میں واضح الفاظ میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میری اسرائیلی اہلکاروں سے ملاقاتیں نہیں ہوئیں اور نہ ہی میں نے کبھی اسرائیل کا دورہ کیا ہے۔’وزیرِ اعظم اس بارے میں انتہائی واضح پیغام دے چکے ہیں۔ پاکستان فلسطینیوں کے لیے ایک منصفانہ دو ریاستی حل کے لیے کھڑا رہے گا۔ اس کے علاوہ یہ سب سازشی نظریات ہیں۔’