(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قیدی کلب نے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں سےمطالبہ کیا ہے کہ وہ صہیونی جیل میں غیرقانونی حراست کے خلاف بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدی کی فوری رہائی کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں۔
مقبوضہ فلسطین میں گذشتہ روز قیدیوں کے امور سے متعلق کمیٹی کلب برائے اسیران کی جانب سےبیان میں کہا ہے کہ صہیونی جیل میں قیدفلسطینی غضنفر ابو عطوان کی اپنی غیر قانونی انتظامی حراست کے خلاف جاری مسلسل 48 روزہ بھوک ہڑتال کے باعث حالت تشویش ناک حد تک بگڑ گئی جس کے بعد انہیں صہیونی کپلن ہسپتال منتقل کیا گیا ہے تاہم فلسطینی کی جانب سے رہائی کے حصول تک بھوک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
قیدی کلب نے بیان میں مزید کہا کہ قابض جیل خانہ انتظامیہ غضنفر ابو عطوان کی بدترین صورت حال کے باوجود رہائی کے مطالبے کونظر انداز کرتے ہوئے قیدی کی آزادی میں رکاوٹیں کھڑی کررہی ہے۔
قیدی کلب کے مطابق مسلسل بھوکے رہنے کی باعث غضنفر ابو عطوان کی صحت نہایت خطرے سے دوچار ہے اور کسی بھی وقت ان کے جسم کے مختلف حصے شدید تناؤ کے باعث کا م کرنا چھوڑ سکتے ہیں، قیدی کلب نے صہیونی جیل انتظامیہ کو ایسی صورت حال میں قیدی کی اس حالت کا مکمل طور پر ذمہ دار ٹھہرایا اورانسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں سے فلسطینی قیدی کی فوری رہائی کے لیے سنجیدہ مداخلت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔