(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسرائیلی فوج کی سرپرستی میں آباد کاروں نے الشیخ جراح کے علاقے میں فلسطینیوں پر حملہ کیا اور ایک گھر کو آگ لگادیجس کے بعد شدید جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں روزانہ کی بنیاد پر قابض صہیونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے مابین جھڑپیں جاری ہیں تاہم یہ جھڑپیں اس وقت شدت اختیار کر گئیں جب صہیونی غیر قانونی آبادکاروں نے مشرقی بیت المقدس کے علاقے الشیخ جراح میں فلسطینیوں پر حملہ کیا اور ایک ہمسایہ عرب کالونی میں واقع گھر میں آگ لگا دی جس کے باعث کم از کم 20 فلسطینی شہری زخمی ہوئے۔
بین الاقوامی ادارہ صحت ہلال احمر کے مطابق اسرائیلی فوج کی سرپرستی میں آباد کاروں نے الشیخ جراح کے علاقے میں فلسطینیوں پر حملہ کیا اور ایک گھر کو آگ لگادی۔
ہلال احمر تنظیم نے بیان میں بتایا ہے کہ الشیخ جراح کے علاقے میں صہیونی فوج نے آباد کاروں اورفلسطینی رہائشیوں کے درمیان جھڑپوں میں درجنوں شہریوں کو گرفتار کر لیا جبکہ متعدد کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔
خیال رہے مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے شیخ جراح سے کئی فلسطینی خاندانوں کی جبری بے دخلی کے اسرائیلی عدالت کے فیصلے پر مئی کے شروع سے ہی شہر میں تناؤ بڑھ گیا تھا جس کے بعد ،اسرائیل اور فلسطین کی غزہ پٹی میں 11 روزہ مسلح حملے سے عوام میں بدامنی پھیل گئی اور اس حملے کے نتیجے میں دونوں اطراف میں بڑے پیمانے پرجانی و مالی نقصانات ہوئے۔