(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ضیف اللہ الفائز نے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی پولیس نے فلسطینی نمازیوں کے ساتھ جو برتاؤ کیا وہ مسجد اقصیٰ اور نمازیوں کی حرمت کی کھلی توہین اور اشتعال انگیزی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اردن کی وزارت خارجہ کے ترجمان ضیف اللہ الفائز کی جانب سے جاری کردہ بیان میں اردن نے گذشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس میں قابض صہیونی پولیس کی جانب سےمسجد اقصٰی میں جمعہ کی نماز کے لیے آنے والے فلسطینی نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے اسرائیلی پولیس نے فلسطینی نمازیوں کے ساتھ جو برتاؤ کیا ہے وہ مسجد اقصیٰ اور نمازیوں کی حرمت کی کھلی توہین اور اشتعال انگیزی ہے۔
انہوں نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیلی فورسز فلسطینی نمازیوں پر طاقت کے استعمال سے باز رہے اور مسجداقصٰی کے تقدس کو پامال نہ کرے جو موجودہ حالات میں مزیدکشیدگی میں اضافے کا سبب بنے گا۔
خیال رہے کہ اسرائیلی پولیس نے جمعہ کے روزمسجداقصٰی میں نماز کی ادائیگی سے روکتے ہوئے نمازیوں پر طاقت کا بد ترین استعمال کیا اور آنسو گیس شیلنگ سمیت بڑے پیمانے پرموقع پر موجود صحافیوں اور فلسطینیوں کو ربر کےدھاتی خول میں لپٹی گولیوں کی براہ راست فائرنگ سے شدید زخمی کیا تھا جس کے بعد حرم قدسی میں حالات ایک بار پھر کشیدہ ہوگئے اور کئی گھنٹوں تک جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہا۔